11 جون 2016 - 18:41
ایران کے معروف اور بزرگ انقلابی شاعر و ادیب استاد حمید سبزواری کا انتقال

ایران کے معروف اور بزرگ انقلابی شاعر اور ادیب استاد حمید سبزواری کا انتقال ہو گیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے عظیم اور بزرگ شاعر اور ادیب استاد حمید سبزواری نے ہفتے کی صبح اکیانوے سال کی عمر میں اپنی زندگی کی آخری سانس لی اور پھر دارفانی کو وداع کہا- استاد حمید سبزواری نے بے شمار انقلابی نظمیں لکھیں - دفاع مقدس کے دوران ان کے انقلابی اشعار جانبازان اسلام میں جوش و ولولہ پیدا کرتے تھے اسی لئے انہیں شاعر انقلاب بھی کہا جاتا ہے- استاد حمید سبزواری کو پیر کو سپرد خاک کیا جائے گا- ایران کے عصر حاضر کی اہم ادبی اور ثقافتی شخصیت مرحوم استاد حمید سبزواری کے انتقال پر اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی حکام نے اپنے اپنے تعزیتی پیغامات میں گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے - اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ استاد حمید سبزواری ایران اسلامی کے ادبی و ثقافتی میدان کے سچے خدمتگزار تھے اور انہوں نے اسلامی انقلاب کے بعد ایرانی اور فارسی ادب و ثقافت کو ایک نئی جہت عطا کی تھی - صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ مرحوم استاد سبزواری نے اسلامی اور انقلابی اقدارکی پاسداری اور اپنے ادبی اور شعری ذوق کی بدولت اسلامی انقلاب کے اہم واقعات کو زندہ و جاوید بنا دیا - انہوں نے اسلامی انقلاب اور دفاع مقدس کے دوران بے شمار انقلابی نغمے اور ترانے لکھے- ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے بھی بزرگ شاعر اور ادیب استاد حمید سبزواری کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے ادبی حلقوں اور ان کے گھر والوں کو تعزیت پیش کی- انہوں نے کہا کہ استاد سبزواری اپنے لطیف احساسات اور نظریات کی بنیاد پر تاریخی واقعات کو دلنشین اور انتہائی جذاب اشعار میں ڈھالتے تھے- آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ان کے اشعار ایران کے شعر و ادب کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے- استاد حمید سبزواری کے متعدد شعری مجموعے اور ادبی کتابیں موجود ہیں -

۔۔۔۔۔۔۔

/169